تل ابیب‘ بیروت‘ اوٹاوہ (این این آئی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے نصیرت اور بوریج پناہ گزین کیمپوں میں زخمی فلسطینیوں کو طبی امداد فراہم کرنے والے رضاکاروں پر حملہ کردیا۔ 7 شہید اور 12 زخمی ہو گئے۔ لبنان میں جنوبی شہر البفاع میں اسرائیلی ڈرون حملے میں موٹر سائیکل تباہ‘ حزب اﷲ کے 2 کمانڈر جاں بحق ہوئے ہیں‘ نام جانباز علی‘ احمد علاء الدین شامل ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر کے سامنے مظاہرہ ہوا۔ شجاعیہ میں بمباری سے 50 فلسطینی شہید ہو گئے۔ کینیڈا نے 7 اسرائیلی شہریوں اور 5 متعلقہ اداروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ افراد مغربی کنارے میں انتہاپسند سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے 5 اداروں میں اسرائیلی آباد کاروں کی تنظیم بھی شامل ہے۔ وزیرخارجہ میلین جولی نے بیان میں کہا کہ ہم مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے کی جانے والی انتہاپسند سرگرمیوں کی وجہ سے گہری تشویش میں مبتلا ہیں اور اس طرح کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ جنین میں بکتربند گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی۔ 22 سالہ صیہونی کیپٹن ایلون سکاگیو ہلاک ہو گیا۔ بیروت میں امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر کرنے سے خبردار کرتے گریز کی ہدایت کر دی۔