تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں اچانک رحلت کے بعد ایران میں قبل از وقت صدارتی الیکشن کے سلسلہ میں ووٹ ڈالے گئے۔ خواتین سمیت 80 افراد نے صدارتی الیکشن کیلئے رجسٹریشن کرائی تاہم گارڈین کونسل نے 6 امیدواروں کو مقابلے کی اجازت دی۔ ان میں سے بھی دو دستبردار ہو گئے۔ سعید جلیلی، باقرقالیباف، مسعود پزیشکیان، مصطفی پور محمدی میں مقابلہ ہوا۔ 60 ہزار پولنگ سٹیشن بنائے گئے۔ میڈیا کے مطابق نتائج کا حتمی اعلان دو دن میں ہوگا۔ شدید گرمی کے سبب ٹرن آؤٹ توقع سے کم رہا۔ کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زائد ووٹ نہ لے سکا تو انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہوگا۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا آج ایرانیوں کے لئے خوشی کا دن، دنیا کے سامنے ملک کی عزت اور آبرو الیکشن میں عوام کی شرکت پر مبنی ہے۔