لاہور (خبر نگار)لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان نے ساہیوال واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کی تشکیل کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ دوران سماعت صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد شعیب نے عدالت میں بیان دیا کہ ڈاکٹرز کونسل نے پنجاب کے تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، ینگ ڈاکٹرز کو ہڑتال ختم کرنے کا کہہ دیا ہے، جس پرعدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ ہمارا اثاثہ ہیں، ہم عوام کی تمام چیزوں کے محافظ ہیں، آپ نے عوام کی جان کی حفاظت کرنی ہے۔ جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتالی ڈاکٹروں کیخلاف دائر توہین عدالت درخواست پر حکومت پنجاب اور ینگ ڈاکٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، درخواست میں جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ساہیوال واقعے کے بعد 15 جون سے سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کر رکھی ہے، ڈاکٹروں کا عدالتی فیصلے کے باوجود ہڑتال کرنا توہین عدالت ہے۔
ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا‘ صدر ینگ ڈاکٹرز: آپ ہمارا اثاثہ ہیں‘ ہائیکورٹ
Jun 29, 2024