پنجاب اسمبلی: مریم نواز کی تقریر کے دوران ہنگامہ، سنی اتحاد کے 11 ارکان کی رکنیت معطل

Jun 29, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی بجٹ اجلاس کے موقع پر تقریر کے دوران ہلڑ بازی، ہنگامہ آرائی، گالی گلوچ اور ایوان کا تقدس پامال کرنے پر سنی اتحاد کونسل کے 11 اراکین پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے 11 ارکان کی رکنیت 15 روز کیلئے معطل کی ہے۔ اپوزیشن ارکان ذوالفقار علی، شہباز احمد، طیاب راشد، محمد عاطف، شیخ امتیاز، حافظ فرحت عباس، اعجاز شفیع، رانا اورنگزیب، شعیب امیر، اسامہ اصغر اور اسد عباس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپوزیشن ارکان کی جانب سے مریم نواز کی تقریر کے دوران ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑنے، غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے، قائد ایوان کو ٹارگٹ کرنے اور ایوان کے تقدس کو پامال کرنے پر رکنیت معطل کی۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باعث بجٹ اجلاس ہفتہ کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہاؤس کو بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کی، اگلی مرتبہ ہاؤس کو ان آرڈر چلانے کے لیے اپنا آئینی اختیار استعمال کروں گا۔

مزیدخبریں