صحافیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے چاروں وزرائے اطلاعات کے ساتھ اجلا  س ہو گا: عطا تارڑ  

Jun 29, 2024

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے جمہوریت کی مضبوطی اور آزادی اظہار رائے کے لئے صحافیوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے ساتھ ہمارا بہت مضبوط تعلق ہے، وزارت اطلاعات کے دروازے ہمیشہ صحافیوں کے لئے کھلے ہیں، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، ان کے حقوق کا استحصال نہیں ہونے دیں گے، صحافیوں کے قتل کے معاملات کی تحقیقات کے لئے چاروں صوبائی وزراء اطلاعات کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا، ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام ضروری ہے، ہتک عزت قانون پر بہت کام ہونا باقی ہے، صحافتی تنظیمیں اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں، صحافیوں کو بجٹ بکس کی فراہمی ضروری عمل ہے اسے یقینی بنایا جائے گا۔ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آئوٹ کرنے والے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ میرا تعلق بہت پرانا ہے، جب پارلیمان کے دروازے ہمارے لئے بند تھے تو اس مشکل دور میں بھی صحافیوں نے نہ صرف ہمارے حوصلے بڑھائے بلکہ ہماری آواز عوام تک پہنچائی۔ صحافیوں کو بجٹ بکس کی فراہمی ضروری عمل ہے،  کبھی کسی بجٹ میں یہ مسئلہ درپیش نہیں آیا۔ اس مرتبہ اس حوالے سے کمیونیکیشن اور کوآرڈینیشن کے مسائل پیش آئے ہیں جس پر وزارت خزانہ اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے بات کی جائے گی اور صحافیوں کو بجٹ بکس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج صحافیوں کو اس مسئلہ پر واک آئوٹ کرنا پڑا جس پر مجھے افسوس ہے، میری آپ سے درخواست ہے کہ واک آئوٹ ختم کر کے واپس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہتک عزت قانون کے حوالے سے صحافتی تنظیمیں اپنی تجاویز دیں، اس پر پنجاب حکومت سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر جیسے مسائل کو دور کرنے پر توجہ دی ہے، اس حوالے سے پی بی اے اور اے پی این ایس سے بات کی جا رہی ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو واجبات کی ادائیگی پر ہمارا فوکس ہے، میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے حقوق کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ بعد ازاں صحافیوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کی یقین دہانی پر قومی اسمبلی اجلاس سے واک آئوٹ ختم کر دیا۔

مزیدخبریں