ڈپٹی کمشنر قصور کی زیر صدارت محرم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس

قصور(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر ز قصور عطیہ عنایت مدنی، چونیاں طلحہ انور ، کوٹ رادھاکشن شازیہ رحمان، ڈی ایس پی سٹی سمیت تمام ضلعی افسروں اور ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے ممبروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، راستوں و بجلی کے تاروں کی مرمت سمیت دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام مذاہب و مسالک کے افراد کو چاہیے کہ وہ ضلع میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ آخر پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن