اسلام آباد(نمائندہ خصوصی))مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ تاجر دوست سکیم کے نفاذ کے لئے تاجروں کو دھمکیاں دینے کے بجائے حقیقی تاجر نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر اسکیم بارے سنجیدگی سے بات کریں،ڈنڈے کے زور پر نہ ماضی میں تاجروں پر ٹیکس نافذ ہو سکا اور نہ ہی مستقبل ہوسکے گا ،ہم تاجروں کا تحفظ کریں گے اور تاجروں کے تحفظ کے لئے ہر انتہائی قدم اٹھانے کے لئے تیار تھے ،تیار ہیں اور تیار رہیں گے ,موجودہ ملکی معاشی حالات میں تاجر ملک گیر شٹر ڈاون اور احتجاج کا رستہ نہیں اپنانا چاہتے لیکن اگر تاجروں کے گلے میں پھندا ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ہم انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو۔جائیں گے۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجر دوست سکیم کے حوالے سے ابھی تک وزارت خزانہ اور ایف بی آر نے ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا ہمارے خدشات ابھی تک قائم ہیں کہ تاجر دوست سکیم کے نام پر وزارت خزانہ اور ایف بی آرکی جانب سے ملک بھر کے چھوٹے تاجروں کے گلے میں پھندا ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔