اسلام آباد(وقائع نگار)وزیراعظم پاکستان اور وزیرِ اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی کے تدارک کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا. چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور کمشنر راولپنڈی عبدالامیر خٹک نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی.اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور دونوں شہروں کی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے باونڈری ایریاز میں ڈینگی کے تدارک کے لئے ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا. ورکنگ گروپ میں سی ڈی اے کے ڈی جی واٹر منیجمنٹ، انوائرمنٹ، سینیٹیشن اور آئی سی ٹی کے متعلقہ افسران شامل ہوں گے. اسی طرح راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے ایم ڈی واسا، پی ایچ اے، راولپنڈی ویسٹ مینجمٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ افسران اس گروپ میں شامل ہونگے.اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باونڈری ایریاز میں واقع قبرستان، کباڑ خانوں، گرین بیلٹس اور ڈینگی کی افزائش کی ممکنہ جگہوں پر مشترکہ کاروائیاں کی جائیں گی.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اپنے علاقے میں ڈینگی کے تدارک کے لئے اقدامات کرے گا. محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے اسلام آباد انتظامیہ اور راولپنڈی انتظامیہ ون یونٹ کے طور پر کام کرے گی اور ضرورت پڑنے پر راولپنڈی کے افسران اسلام آباد اور اسلام آباد کے افسران راولپنڈی کی حدود میں انسداد ڈینگی کاروائیاں کریں۔
ڈینگی کا تدارک، اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس
Jun 29, 2024