پی ٹی آئی میں اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے،جنید اکبر نے بھی پارٹی کی کور کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا

 پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے،دو دن میں دوسرا استعفیٰ بھی آگیا،پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے پارٹی کی کور کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا،پارٹی فیصلوں میں ہمارا کوئی اختیار نہیں ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے بھی نہیں دیا ۔اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کا مزید کہنا تھا کہ چند مخصوص لوگ ہی عمران خان سے ملنے جیل جاتے ہیں لیکن ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی جاتی۔ عمران خان سے جیل میں ملنے والے واپس آکر ہمیں صرف یہ بتا تے ہیں کہ موجودہ پارٹی پالیسی بانی چیئرمین کی ہے۔ بدقسمتی یہی ہے کہ سارے فیصلوں کے بینیفشری یہی لوگ اور ان کے خاندان کے افراد اور دوست ہیں۔جنید اکبر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے ملنے کیلئے جانے والے لوگوں کے ایک دوسرے کے ساتھ مفادات ہیں۔ پی ٹی آئی ان کا گھر ہے وہ نہ کسی گروپ کا حصہ ہیں اور نہ بنیں گے۔کور کمیٹی میں ہونے کے بعد پارٹی فیصلوں میں ہمارا کوئی اختیار نہیں ہوتا۔خیال رہے کہ گزشتہ روزپاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔عمر ایوب نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا خط ٹوئٹ کیاتھا اس کے ساتھ ساتھ عمر ایوب نے چیئرمین مرکزی فنانس بورڈ پی ٹی آئی کے عہدے سے بھی استعفیٰ دیدیا تھا۔ عمر ایوب نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام خط تحریر کیا۔عمر ایوب کے استعفے پر 22 جون 2024 کی تاریخ درج تھی۔عمر ایوب نے اپنے خط میں کہا تھاکہ مئی 2023 سے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دینا باعث اعزاز رہاتھا۔ بےحد مشکور ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات کا موقع دیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے خط میںمزید کہا تھاکہ شاندار سپورٹ پر سینیٹر شبلی فراز،کورکمیٹی اور تنظیمی ممبران کا شکر گزار ہوں،میں سمجھتا ہوں کہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتا۔عمرایوب نے یہ بھی کہاتھا کہ مجھے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر بھی نامزد کیا گیاتھا۔دونوں عہدے پوری توجہ کے متقاضی ہیں، پارٹی ڈھانچے کو منظم کرنے کیلئے سیکرٹری جنرل کا عہدہ کسی اور دیا جائے، کارکن کی حیثیت سے پی ٹی آئی کیلئے کام کرتا رہوں گا۔

ای پیپر دی نیشن