پاک بھارت موہالی معرکے میں انفرادی طور پرسب سے زیادہ جواء سچن ٹنڈولکر کی کارکردگی پرلگایا گیا ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں اڑتالیس سنچریوں کی مدد سے اٹھارہ ہزار سے زائد رنز بنانے والے ماسٹر بھارتی بیٹسمین کے اس میچ میں سنچری بنانے پر ایک سو کروڑ روپے کا سٹہ کھیلا جارہا ہے۔ ٹنڈولکر کی ففٹی کا بھائو ایک اور سنچری کا چار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ وریندرسہواگ کی ففٹی پراسی پیسے اور سنچری پر ساڑھے پانچ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر ساٹھ کروڑ، یوراج سنگھ نصف سنچری پرایک اور چھ کے ریٹس سے پچپن کروڑاورگوتم گمبھیر پر سوا اور چھ روپے کے تناسب سے پچاس کروڑ روپے کا جواء لگ چکا ہے۔ پاکستان کے محمد حفیظ کی ففٹی پر ایک اعشاریہ ایک پانچ اورسنچری پرپانچ اعشاریہ چھ کے ریٹ سے تیس کروڑ، کامران اکمل پرپچاسی پیسے اور پانچ روپے کے ریٹ سے پینتیس کروڑ ، اسد شفیق پرایک اعشاریہ ایک اور ساڑھے پانچ کے بھائو سے پچیس کروڑ جبکہ یونس خان کی ففٹی پرایک اعشاریہ تین اور ساڑھے چھ کے تناسب سے بیس کروڑروپے کی شرطیں لگائی گئی ہیں۔ شعیب اختر، شاہد آفریدی، مناف پٹیل اور ہربھجن سنگھ اس لسٹ میں کافی پیچھے ہیں۔