اسلام آباد + لاہور (نمائندہ خصوصی + خبرنگار خصوصی + ریڈیو مانیٹرنگ + ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو فون کیا ہے اور ان سے 30 مارچ کو ہونے والے ورلڈ کپ کرکٹ کے سیمی فائنل مقابلے کے حوالے سے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم گیلانی نے کرکٹ ٹیم کے کپتان کو فون میں کہا کہ وہ بھارت کے خلاف جم کر کھیلیں۔ میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے بھارت آ رہا ہوں۔ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اور دعائیں کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کی اب تک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے گروپ میں پہلی پوزیشن کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ قوم کو امید ہے کہ بھارت کیخلاف بھی ٹیم ایسی شاندار کارکردگی کو دہرائے گی۔ وزیراعظم نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لئے پوری قوم کی دعاﺅں اور احساسات سے آگاہ کیا اور کہا کہ میچ کے نتیجے سے بالاتر رہ کر بہترین سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کریں اور مقابلے میں جم کر کھیلیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم کی طرف سے موہالی میں میچ دیکھنے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ یہ میرے دل میں تھا کہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلہ افزائی کے لئے کرکٹ سٹیڈیم میں موجود رہوں۔ وزیراعظم نے ٹیم کو اس کی کارکردگی پر شاباش دی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی میچ جیتنے کے لئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ قوم کو مایوس نہیں کرینگے اور بہترین رزلٹ دینگے۔ ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی نے وزیراعظم سے رحمان ملک کے منفی بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا‘ وزیراعظم سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے ٹیم کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور وزیر داخلہ رحمان ملک کے قومی ٹیم کے بارے میں دئیے گئے بیان پر اپنی اور ٹیم کی طرف سے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ وزیر داخلہ کی طرف سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر شک و شبہ کا اظہار میری اور پوری ٹیم کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر کس وجہ سے انہوں نے ایسا بیان دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شاہد آفریدی سے کہا کہ وہ اور ٹیم کے کھلاڑی رحمان ملک کے بیان کا بالکل کوئی اثر نہ لیں ٹیم کے کپتان نے پوری ٹیم کی طرف سے رحمان ملک کیخلاف وزیراعظم سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے لندن سے اپنے بستر علالت سے بھارت میں سیمی فائنل کھیلنے گئی ہوئی قومی ٹیم کے مینجر انتخاب عالم اور کپتان شاہد خان آفریدی کو فون کیا۔ نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے بتایا کہ نواز شریف نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں حالیہ کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ نواز شریف نے شاہد آفریدی کو کہا کہ وہ سیمی فائنل میں پاکستان کی کامیابی کے لئے پرامید اور دعا گو ہیں۔ میری اور پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
گیلانی / نواز / آفریدی / فون
گیلانی / نواز / آفریدی / فون