حکومت کے بنیادی اہداف اور اغراض و مقاصد

مکرمی ! سورة الحج کی ایک آیت مبارکہ میں اسلامی حکومت کے بنیادی اہداف اور اغراض و مقاصد بیان کئے گئے ہیں جنہیں خلافتِ راشدہ اور دیگر اسلامی حکومتوں میں بروئے کار لایا گیا۔ انہوں نے اپنی ترجیحات میں ان کو سرفہرست رکھا تو ان کی بدولت ان حکومتوں میں امن و سکون بھی رہا، رفاہیت اور خوشحالی بھی رہی اور مسلمان سربلند اور سرفراز بھی رہے۔ آج بھی سعودی عرب کی حکومت میں ان چیزوں کا اہتمام ہے تو اس کی برکت سے وہ اب بھی امن و خوشحالی کے اعتبار سے دنیا کی بہترین اور مثالی مملکت ہے۔ آجکل اسلامی ملکوں میں فلاحی مملکت کے قیام کا بڑا غلغلہ اور شور ہے اور ہر آنے جانے والا حکمران اس کے دعوے کرتا ہے لیکن ہر اسلامی ملک میں بدامنی، فساد، قتل و غارت، ادبار و پستی اور زبوں حالی روز افزوں ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ سب خدا کے بتائے ہوئے راستے کو اختیار کرنے سے گریزاں ہیں۔ جب تک مسلمان مملکتیں قرآن کے بتائے ہوئے اصول اپنی ترجیحات میں سرفہرست نہیں رکھیں گی وہ فلاحی مملکت کے قیام میں کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔محمد فیاض انصاری -29 اے رحمان پورہ لاہور)

ای پیپر دی نیشن