لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نوازشریف، شہبازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اُن سے وعدہ کیا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کے ان کے فیصلوں کو قبول کیا جائے گا۔ کارکنوں نے کہا کہ ہمیں قائد پر اعتماد ہے وہ حسب نسب دیکھ کر نہیں بلکہ پارٹی کے لئے کام دیکھ کر ٹکٹوں کے فیصلے میرٹ پر کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے پر شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ نوازشریف نے اس موقع پر اعلان کیا کہ بہترین امیدواروں کو ٹکٹیں دیں گے۔ میاں شہبازشریف نے بھی اس موقع پر خطاب کیا، نوازشریف نے مزید کہا کہ جن کارکنوں نے ڈینگی بخار کی وباءکے خاتمے کے لئے دن رات کام کیا ان کو پارٹی میں مقام دیا جائے گا۔ شہبازشریف کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کا انمول اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنی اعلیٰ حکومتی کارکردگی اور دن رات محنت سے مسلم لیگ (ن) کو نہ صرف پنجاب میں بلکہ ملک بھر میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ پارلیمانی بورڈ نے غیر مسلموں اور خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی غیر مسلموں کے لئے مختص 10 نشستوں، پنجاب اسمبلی کی 8 سندھ اسمبلی کی 9 خیبر پی کے اسمبلی کی 3 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں کے لئے ترجیحی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں تاہم اس کا باضابطہ اعلان الیکشن کمشن کو فہرستیں بھجوانے کے بعد کیا جائے گا۔ خواتین کی فہرستیں تاہم فائنل نہیں کی جا سکیں۔