الیکشن کمشن نے سیاسی جماعتوں‘ سابق ارکان قومی اسمبلی کے اثاثوں کا اعلان کردیا

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + این این آئی) الیکشن کمشن نے سابق ارکان قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق پی پی کے رکن نور عالم خان 32 ارب روپے کے اثاثوں کے ساتھ سب سے امیر رکن قومی اسمبلی رہے۔ جمشید دستی غریب ترین رکن قومی اسمبلی رہے، صرف تنخواہ کا ایک اکاﺅنٹ ہے۔ راجہ پرویز اشرف 7 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد رکھتے ہیں۔ سابق خاتون اوّل کے پاس 10 تولے سونا بھی ہے۔ راجہ پرویز اشرف کے پاس 18 لاکھ روپے کی دو گاڑیاں بھی ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے اپنے بھائی سے 80 لاکھ روپے لینے ہیں۔ چودھری نثار کے بنک اکاﺅنٹ میں 83 لاکھ روپے ہیں۔ چودھری نثار کے پاس راولپنڈی میں ایک گھر اور چکری میں ایک فارم ہاﺅس ہے۔ چودھری نثار علی کے 9 رہائشی فلیٹس بھی ہیں۔ غلام احمد بلور کے اثاثوں کی مالیت 30 کروڑ 94 لاکھ روپے ہے۔ ارباب عالمگیر 2 ارب روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔ ارباب عالمگیر کا دبئی میں 4 کروڑ روپے کا اپارٹمنٹ بھی ہے۔ اسفند یار ولی ایک کروڑ روپے اور 50 تولے سونا مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں۔ فہمیدہ مرزا کے 8 کروڑ سے زائد کے اثاثے ہیں۔ فہمیدہ مرزا کا ڈیڑھ کروڑ کا دبئی میں اپارٹمنٹ بھی ہے۔ مولانا فضل الرحمن 55 لاکھ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ پرویز الٰہی کے پاس 89 لاکھ روپے کی جائیداد ہے۔ پرویز الٰہی نے 3 کروڑ 49 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے 8 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ہیں۔ جماعت اسلامی کے پاس 18 لاکھ 50 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے پاس 70 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ اے این پی کے پاس 2 کروڑ 72 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز 4 لاکھ 35 ہزار کے اثاثوں کی مالک ہے۔ ایم کیو ایم ایک کروڑ 7 لاکھ روپے کے اثاثے رکھتی ہے۔ (ق) لیگ کے 5 کروڑ 14 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ تحریک انصاف کے 94 لاکھ 60 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ شہبازشریف کے کل اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ سے زائد ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن