اسلام آباد (اے پی پی) پاکستانی ٹیم 14 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کےلئے جیت کا عزم لئے بھارت پہنچ گئی۔ چیمپئن شپ کا آغاز یکم اپریل سے ہو گا جس میں دس ممالک سے 30 کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کےلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیمپئن شپ میں شرکت کےلئے تین رکنی ٹیم بھارت پہنچ گئی ہے، قومی ٹیم حمزہ اکبر اور محمد ماجد علی پر مشتمل ہے جبکہ محمد یوسف بطور کوچ اور منیجر ٹیم کے ساتھ ہیں۔ روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹیم کوچ اور کھلاڑیوں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس یقین کے ساتھ بھارت جا رہے ہیں کہ وہ جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کھیلنا پسند ہے اور بطور پاکستانی ان کی خواہش ہے کہ وہ روایتی حریف کے ملک سے ٹائٹل جیت کر بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کریں۔
ایشین سنوکر چیمپئن شپ : پاکستانی ٹیم جیت کا عزم لئے بھارت پہنچ گئی
Mar 29, 2013