اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف نے ڈرون حملے روکنے کیلئے امریکی صدر اوباما سے بات کی۔ وزیراعظم نے امریکی صدر سے کہا کہ اس سے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہو رہا ہے، امریکہ نے ہماری بات مانی اور ڈرون حملے روکدئیے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ڈرون حملوں کے معاملے پر امریکہ پر بین الاقوامی دبائو بھی تھا یہ نہیں پتہ کہ کب تک ڈرون حملہ نہیں ہو گا، توقع ہے عنقریب نہیں ہوگا۔ 2010ء سے اب تک ڈرون حملوں میں تواتر سے کمی آ رہی ہے۔ امریکہ نے ڈورن حملے روکنے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا بس فی الحال ڈورن حملے نہیں کئے جا رہے، ڈرون حملے جہاں ہو رہے تھے وہاں بے گناہ لوگ ہوتے ہیں۔