بہتر ہوتی پاکستانی معیشت کو عسکریت پسندی ‘ فرقہ وارانہ تشد د اور جرائم سے خطرہ ہے : آئی ایم ایف

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کے کلیدی اقتصادی ترقی کے اشارئیے معیشت میں بہتری کے اشارے دے رہے ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ عسکریت پسندی، فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات اور شہری علاقوں میں جرائم معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ اپنے بیان میں آئی ایم ایف مشن پاکستان کے سربراہ جیفری فرینک نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں ترقی کے اشارے ملے ہیں۔ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے تاہم رواں مالی سال کی معاشی ترقی کا ہدف حاصل کرنے میں مشکلات ہونگی۔ آئندہ مالی سال میں معاشی ترقی میں اضافہ ممکن ہے، آئندہ مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی 3.7 فیصد ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان کی زرعی پیداوار میں کمی ہوئی، توانائی بحران سے نکلنے کے بعد اب مثبت اشارے مل رہے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا کہ مشکلات کی شکار سٹرکچرل اصلاحات کے بعد پاکستان میں گروتھ کے مضبوط اشارے ملے ہیں۔ مجموعی طور پر پاکستان کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان کے کلیدی معاشی اشارئیے بہتری ظاہر کر رہے ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ عسکریت پسندی، شہروں میں جرائم اور فرقہ وارانہ تشدد معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2014-15ء کے مالی سال میں ترقی کی شرح 3.7 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، ملک کی سکیورٹی کی صورتحال دہشت گردی کی کارروائیوں، جرائم کی وارداتوں کے باعث مشکلات کا شکار رہی ہے۔ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کے باعث آئی ایم ایف کا اجلاس پاکستان سے باہر ہوا۔ یاد رہے سٹیٹ بنک کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر 9.1 بلین ڈالر رکھنے کیلئے 550 ملین ڈالر مل گئے ہیں۔ آئی ایم ایف نے بڑھتے ہوئے افراط زر کی جانب بھی توجہ دلائی اور کہا ہے کہ اس مالی سال میں یہ 10  فیصد رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ کہا گیا ہے کہ توانائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد، بزنس کا ماحول ٹھیک کرنے، ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے، ٹیکس انتظامیہ بہتر بنانے میں ناکامی یا تاخیر سے اقتصادی پراسپیکٹس کو نقصان پہنچے گا۔ جیفری فرینک نے  حکومت کی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران سے نکلنے کے بعد معاشی لحاظ سے مثبت اشارے مل رہے ہیں تاہم رواں مالی سال معاشی ترقی کا ہدف حاصل کرنے میں مشکلات  ہونگی۔ معاشی ترقی کے حوالے سے  حکومت پاکستان کی پالیسیاں قابل اطمینان ہیں، آئندہ مالی سال معاشی ترقی میں مزید اضافہ ممکن ہے۔ توانائی کے بحران سے نکلنے کے بعد معاشی لحاظ سے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن