رات کو بمباری سے نیند نہیں آتی جلد نکالا جائے: پاکستانی بچیاں بھارتیوں کو نکالنے کیلئے 2 بحری جہاز جا ئیں گے

اسلام آباد (آن لائن) یمن میں محصور پاکستانیوں نے حکومت پاکستان سے انخلا کیلئے مدد کی اپیل  کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں مقیم تمام پاکستانیوں کو جلد نکالا جائے، ہماری جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یمن میں محصور ڈاکٹر شمسی کی والدہ  ہُما نے بتایا کہ انہیں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے صنعا شہر کو چھوڑنے اور حدیدہ کیلئے روانہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صنعا اور حدیدہ کیلئے9 گھنٹے کا سفر ہے، سڑکوں پر گاڑیوں کا  کوئی بندوبست نہیں، ہم پیدل سفر کیسے کرسکتے ہیں۔ ایک اور محصور پاکستانی  شازیہ نے بتایا کہ  صنعا میں رات کو شدید بمباری کی گئی جس سے رات بھر سوئے نہیں۔ ننھی بچی انابیہ نے کہا کہ میں بہت ڈری ہوئی ہوں، وزیراعظم نوازشریف ہمیں جلد یہاں سے نکالیں یا پاکستان لے جائیں۔ عمران غوری کی بیٹی زینب نے کہا کہ رات کو بمباری کی وجہ سے نیند نہیں آتی، یہاں ہر طرف خوف ہی خوف ہے، حکومت سے اپیل ہے کہ ہمیں یہاں سے نکالا جائے۔  ادھر 3500 بھارتیوں کو نکالنے کیلئے 2 بحری جہاز  یمن جا ئیں گے ۔

ای پیپر دی نیشن