اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ ایک ہفتے کے اندر عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے خلاف دائر کیس کی سماعت کی۔ سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے ایڈووکیٹ ملک طاہر محمود جبکہ لال مسجد کے وکیل طارق اسد عدالت میں پیش ہوئے ایڈووکیٹ ملک طاہر محمود نے عدالت میں سپریم کورٹ کا مختصر فیصلہ عدالت میں پیش کیا تو اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ اس پر ملک طاہر محمود نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ابھی تک تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا۔ بعدازاں عدالت نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے ہٹائے جانے سے متعلق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔