لاہور+ اسلام آباد+ کراچی+ سکھر (خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے پنجاب میں فوج اور رینجرز کے آپریشن کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ د ہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک حکمران دائیں اور بائیں بازو کی سیاست سے باہر نکل کر نہیں سوچیں گے، آج دائیں بازو کی حمایت حاصل کرنے کیلئے نہ صرف معصوم اور قیمتی جانوں کو قربان کیا جا رہا ہے بلکہ پارلیمنٹ اور اعلیٰ عدلیہ کا تقدس بھی پامال ہو رہا ہے اور حکومت کی رٹ بھی چیلنج ہو رہی ہے، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف بھرپور کامیابی حاصل کر رہی ہیں اور انشاء اللہ وہ پنجاب سے بھی دہشت گردی کو اکھاڑ پھینکیں گی، پاکستان پُرامن ملک تھا دہشت گردی کی آگ میں جھونک دیا گیا ہے ، سانحہ لاہور کو حکومت کی ناکامی نہیں کہا جاسکتا تاہم مستحکم پاکستان حکومت کیلئے چیلنج ہے حکومت اور ادارے تمام معاملات ختم کرکے دہشت گردی کی طرف توجہ دیں۔ ایک مدت سے کہتے آرہے ہیں کہ پنجاب میں بھی دہشت گردی کی نرسریاں موجود ہیں اور انکے خلاف فوراً آپریشن ہونا چاہیے لیکن میری بات پر توجہ نہیں دی گئی۔ اگر حکومت دہشت گردی کے خلاف بروقت اقدام کرتی تو شاید اقبال ٹاون پارک لاہور کا واقعہ وقوع پذیر نہ ہوتا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب شروع ہونے والا آپریشن بہت پہلے ہونا چاہئے تھا‘ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کی ذمہ داری حکومتی کی ہے۔ طاہر القادری نے جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن بہت پہلے شروع ہو جاتا تو گلشن اقبال پارک جیسے دلخراش سانحہ سے بچا جا سکتا تھا۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ کیا دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی جگہ آپریشن شروع کرنے سے قبل سینکڑوں نعشوں کا گرنا ضروری ہے؟ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ متحدہ پاکستان کی سلامتی‘ دیرپا امن کیلئے ہر اقدام کی حمایت کر تی ہے۔ صوبائی وزیر خیبر پی کے شاہ فرمان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں رینجرز کی تعیناتی کا خیرمقدم کریں گے۔ دوسرے صوبوں کو رینجرز کی تعیناتی پر تحفظات ہیں لیکن ہمیں نہیں۔ ادھر ترجمان تحریک انصاف نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم کا خطاب سیاسی تقریر کے سوا کچھ نہیں‘ دہشت گردی کے خلاف فوج کا عزم شک و شبہ سے بالاتر ہے۔ وزیراعظم تین سال سے دہشت گردی کے خلاف عزم دہرا رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے خطاب کو مایوس کن قرار دیدیا ہے۔
پنجاب میں آپریشن خوش آئند‘ بہت پہلے ہونا چاہئے تھا: سیاسی رہنما
Mar 29, 2016