سکھر ( اے این این)جمعیت علمائے اسلام(ف)کے قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سازش کے تحت اسلام کو بدنام کرکے امت مسلمہ کی نسل کشی کی کوشش کی جا رہی ہے اور نفرتوں کے بیج بوئے جارہے ہیں،عالمی سامراجی قوتوں نے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے دنیا کا امن تباہ کرکے انسانیت کو جنگ و جدل میں دھکیل دیا ہے ، مگر ہم اسلام کا پیغام امن و محبت عام کرکے نفرتوں کے خاتمے کی جدوجہد کو از سر نو منظم اور متحرک کر رہے ہیں، 7 اپریل کو پشاور میں ہونیوالا صد سالہ عالمی اجتماع امن تحریک کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ راشد محمود سومرو، مرکزی میڈیا سیل کے ممبر آغا سید ایوب شاہ اور دیگر کے ہمراہ دریائے کابل اور دریائے سندھ کے کنارے تاریخی مقام پر اجتماع گاہ کے معائنے کے موقع پر موجود کارکنوں اور رضا کاروں سے خطاب کے دوران کیا۔ سکھر میں صوبائی ایڈیشنل انفارمیشن سیکرٹری مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کوئی مذہب دہشتگردی کی حمایت نہیں کرتا بلکہ دہشتگردی سامراجی قوتوں کا پیشہ ہے۔
اسلام کو بدنام کر کے نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے ہیں: مولانا فضل الرحمن
Mar 29, 2017