اسلام آباد (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے جو سی پیک اور اہم اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون سے ظاہر ہے، چین کے ساتھ پاکستان کا تعاون نہ صرف دونوں ممالک میں خوشحالی لائے گا بلکہ پورے خطے کے لئے ترقی کا ذریعہ ہوگا ۔ انہوں نے یہ بات چائنہ ایرو سپیس سائنس اینڈ انڈسٹری کارپوریشن کے چیئرمین گائو ہونگ وائی اور چائنہ پریسیزن مشینری امپورٹ ایکسپورٹ کارپوریشن کے چیئرمین ژاوچیاو لونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان کا سٹریٹجک محل وقوع اسے ایشیا کا اہم تجارتی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کوریڈور بناتا ہے۔ چین کے ساتھ پاکستان کا تعاون نہ صرف دونوں ممالک میں خوشحالی لائے گا بلکہ پورے خطے کے لئے ترقی کا ذریعہ ہوگا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت نے پہلے روز سے ہی معیشت کی بحالی، توانائی بحران دور کرنے، سیکورٹی کی صورتحال بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو مناسب مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی۔ انہوں نے بتایا پاکستان کا اقتصادی منظر نامہ گزشتہ چار برسوں میں یکسر تبدیل ہو چکا ہے جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ساز گار کاروباری فضا کے لئے جامع ڈھانچہ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے پالیسی رجحانات لبرلائزیشن، ڈی ریگولیشن، پرائیویٹائزیشن سے ہم آہنگ ہیں اور سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے دونوں کمپنیوں کے چیئرمینوں کو سرمایہ کاری مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان منافع لے جانے پر کوئی پابندی عائد نہیں کرتا اور آزادانہ سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ماحول موجود ہے۔ چینی کمپنیوں کے سربراہان نے پرتپاک خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا چینی کمپنیاں متعلقہ حکام کے ساتھ پہلے سے رابطے میں ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین، چین کے سفیر سن وئی دونگ اور دیگر سینئر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔