اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دیدی‘ ود ہولڈنگ ٹیکس میں 30 جون تک توسیع

Mar 29, 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 2 لاکھ ٹن چینی مزید برآمد کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ اس برآمد پر سبسڈی نہیں دی جائے گی۔ چینی 31 مئی تک برآمد کرنا ہو گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی کی برآمد کی اجازت صرف ان شوگر ملز کو دی جائیگی جنہوں نے کاشتکاروں کے گزشتہ سیزن کے تمام بقایا جات ادا کر دیئے ہیں اور ملز پوری گنجائش کے ساتھ چلائی گئی تھی اس سے قبل بھی 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ چینی کی قیمت پر نظر رکھی جائے گی اور مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت بڑھنے کی صورت میں برآمد روک دی جائے گی۔ اجلاس میں بینکوں کی ٹرانزیکشن پر 0.4 فیصد ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کی مدت میں 30 جون تک توسیع کر دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو دسمبر 2016 ء کی تنخواہ ادا کرنے کے لئے 380 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گندم کی 2016-17 ء کی فصل سے سرکاری طور پر 70 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اس کے لئے 224 ارب روپے کی رقم کی ضرورت پڑے گی۔ اجلاس میں درآمدی پٹرولیم مصنوعات کی میٹنگ کے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کندھ کوٹ فیلڈ سے گیس مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس گیس میں سے 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس تھرمل پاور سٹیشن گدو کو ملے گی۔ پی پی ایل 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ٹی پی ایس جی کو فراہم کرے گا۔ 50 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اس کے علاوہ ہو گی۔

مزیدخبریں