راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن رد الفساد سے ملک میں پائیدار امن اور استحکام آئیگا، نوجوان افسر میرا اور قوم کا فخر ہیں، ملک میں امن اور استحکام ان کی لگن کا مرہون منت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، انہیں آپریشنل تیاریوں، ملک میں جاری سکیورٹی آپریشنز اور کور کے دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ جنرل باجوہ نے روایتی جنگ کیلئے کور کی آپریشنل تیاریوں اور سکیورٹی آپریشنز میں کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کے تجربہ نے ہماری فوج کو انتہائی سخت جان جنگ لڑنے والی اور ناقابل تسخیر فوج بنا دیا ہے اور اس کی وجہ سے ہمارے فوجی روایتی جنگ کیلئے مکمل تیار ہیں۔ انہوں نے نوجوان افسروں کی مثالی کارکردگی اور سکیورٹی آپریشنز کے دوران انکی قربانیوں کو سراہا۔ جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف نے کہاکہ جوان فوج کی حقیقی قوت ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجیوں کو آرمی کی سطح پر فوجیوں اور خاندانوں کیلئے شروع کئے گئے متعدد فلاحی اقدامات کے بارے میں بتایا جن میں طبی سہولیات، تعلیم اور معیار زندگی کی بہتری سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔ بعد ازاں چیف آف آرمی سٹاف نے بہاولپور میں کمبائنڈ ملٹری ہاسپیٹل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سی آئی ایم ایس) کا افتتاح کیا۔ انسٹی ٹیوٹ کے پہلے بیچ میں پہلے سال ایم بی بی ایس کے سو طلباء جبکہ آئندہ سال سے بی ڈی ایس کے مزید پچاس طلباء کو بھی داخلہ دیا جائیگا۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج قوم کی تعمیر میں غیر معمولی کردار ادا کررہی ہے۔ فوج ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ نے مسلح افواج کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ جوان روایتی جنگ کے لئے مکمل تیار ہیں۔ علاوہ ازیں آرمی چیف اورکزئی ایجنسی میں شہید میجر مدثر کے گھر بھی گئے۔ میجر مدثر نے 22مارچ کو مرک کلاہا میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کے اہلخانہ نے میجر مدثر کی شہادت کو قابل فخر قرار دیا۔ آرمی چیف نے شہید کے اہل خانہ کے حب الوطنی سے لبریز جذبات کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ایسے بہادر والدین کی موجودگی میں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
رد الفساد دیرپا امن لائے گا‘ پاک فوج ناقابل تسخیر ‘ جوان روایتی جنگ کے لئے تیار ہیں: آرمی چیف
Mar 29, 2017