آزاد سینیٹروں کی کسی پارٹی میں شمولیت سے ہمارا کوئی سروکار نہیں: الیکشن کمیشن

Mar 29, 2018

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں آزاد سینیٹروں کی شمولیت کی درخواست مسترد کئے جانے کی خبریں درست نہیں ہیں، سینٹ میں موجود آزاد اراکین کسی پارٹی میں اپنی شمولیت کیلئے چیئرمین سینٹ کو درخواست دینے کے اہل تھے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اس حوالہ سے سامنے آنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا سینٹ میں آزاد اراکین کا کسی پارٹی میں شمولیت سے کوئی سروکار نہیں ہے، کسی پارٹی میں شمولیت کیلئے آزاد اراکین کو اپنی درخواست چیئرمین سینٹ کو دینا ہوتی ہے، سینٹ کے اراکین کے حوالہ سے الیکشن کمیشن میں ایسا کوئی قانون نہیں ہے۔ آزاد سینیٹر چیئرمین سینٹ کے ذریعے کسی بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں