اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں نظام، اداروں اور عدلیہ کو مضبوط ہونا چاہئے، اگر ادارے مضبوط ہوئے تو کسی این آر او کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ این آر او کی ضرورت اس وقت ہوتی ہے جب ادارے کمزور ہوں، ا اداروں کے سربراہان کو ملتے رہنا چاہئے ،ایشوز زیر بحث آتے ہیں،لیکن ملاقات کا بھی ایک وقت ہوتا ہے، گز شتہ روز پارلیمنٹ ہائوس میں وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کے حوالہ سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر یہ ملاقات ضروری تھی تو ایسی جگہ ملاقات ہوتی جہاں کسی کو پتہ نہ چلتا، سسٹم اور آئین جو کہتا ہے اس پر عمل کرنا چاہئے۔ ملاقات کا نتیجہ یہی نکلتا ہے کہ ایشوز زیر بحث آتے ہیں تاہم سوچنے کی بات یہ ہے کہ ان ایشوز کے حل کیلئے عمل کون کرے گا کیونکہ عدلیہ براہ راست ایشوز حل کرنے کے حوالہ سے عمل نہیں کرا سکتی، عدلیہ کو چاہئے کہ وہ وزراء اعلیٰ کو بلا کر بتائے کہ انہیں کیا کرنا چاہئے؟