نوشہرہ ورکاں(نامہ نگار)یورپ جانے کا جنون 19سالہ نوجوان کو نگل گیا، ایجنٹ 6ماہ تک طفل تسلیاں دیتا رہا لیکن اب معلوم ہوا کہ میرا بیٹا اس دنیا میں نہیں رہا، اعلیٰ حکام میرے بیٹے کی نعش پاکستان لائیں، نوجوان کے باپ کی دہائی۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں کڑیال کلاں کے محنت کشن مسعود بھٹی نے کہاکہ جنڈیالہ شیر خاں سے تعلق رکھنے والے پرویز نامی ایجنٹ کا ساتھی چھ ماہ قبل میرے بیٹے کو لاکھوں روپے ہتھیا کر یورپ لے جانے کا جھانسہ دیکرگھر سے لے گئے کچھ دن تک میرے بیٹے 19سالہ اسد سے رابطہ رہا جو کہ بعد میں منقطع ہوگیا ہم نے بارہا ایجنٹ سے رابط کیا اس نے بتایا کہ اسد دس پندرہ دن تک واپس آجائے گا لیکن اس سے کسی قسم کا رابطہ نہیں مسلسل چھ ماہ سے میں میری بیوی اور بچے سکون سے نہیں سو سکے دن رات اپنے بچے کا خیال رہتا ہے اب ہمیں کسی ذریعہ سے معلوم ہوا کہ آپ کے بچے کی ڈیڈ باڈی ایران کے سرد خانے میں موجود ہے جوکہ ایرانی بارڈر پار کرتے وقت ایرانی فورسز کے ہاتھوں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی الٹ جانے سے موقع پر ہلاک ہوگیا تھا لیکن لواحقین کے متعلق معلوم نہ ہونے پر ایرانی سرد خانے میں نعش رکھ دی گئی تھی۔ میری وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف، وزیر خارجہ سے اپیل ہے کہ میرے بیٹے کی نعش پاکستان لانے میں مدد کریں اور جو ایجنٹ لالچ دیکر نوجوانوں کو موت کے منہ میں دکھیل رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے مسعود بھٹی نے کہاکہ میرا خاندان اس وقت سخت اذیت سے گزر رہا ہے خدرا ارباب اختیار میری مدد کریں ۔