کابل (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) افغان وزارت دفاع نے کہا ہے افغان فضائیہ نے پہلی بار طالبان ٹھکانوں پر لیزر گائیڈڈ بم اور میزائل برسائے ہیں۔ صوبے فراح میں طالبان کے ٹھکانوں کو لیزر گائیڈ بم سے نشانہ بنایا۔ حملے میں کئی طالبان کمانڈر ہلاک ہو گئے۔ دوسری طرف صوبہ ہلمند میں افغان خواتین ملک میں قیام امن کے لئے میدان میں آگئیں اور انہوں نے جنگ بندی کے لئے دھرنے کے دوران امن کیلئے آج طالبان کے پاس جانے کا اعلان کر دیا۔ نیٹو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لیزر گائیڈڈ بم سے افغان ائرفورس نے صوبہ فرح کے مغربی حصے میں طالبان کے ایک احاطے کو براہ راست ہدف بنایا۔ جدید نظام لیزر گائیڈڈ نظام کے استعمال کی تربیت امریکہ اور نیٹو فورسز کی جانب سے افغان فوج کی قوت، صلاحیت اور مہارت میں اضافہ کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ افغان فضائیہ نے 29 اے طیاروں کے ذریعے 250 پونڈ وزنی 58 جی بی یو لیزر گائیڈڈ میزائل کا استعمال کیا۔ ریزولیوٹ سپورٹ ہیڈکوارٹرز کا کہنا ہے کہ افغان فضائیہ نے لیزر گائیڈڈ میزائلوں کا انتخاب شہریوں کی جانوں کے نقصان کو کم سے کم رکھنے کی خاطر کیا کیونکہ ہدف کے قریب آبادی موجود تھی۔ دوسری طرف صوبہ ہلمند کے سٹیڈیم کے باہر جہاں چند روز قبل خودکش دھماکہ میں 16شہری ہلاک ہوئے تھے وہاں افغان خواتین دھرنا دئیے بیٹھی ہیں۔ دھرنا کیمپ میں موجود سینکڑوں خواتین کا کہنا ہے کہ وہ آج جمعرات کو امن کا پیغام لے کر طالبان کے پاس جائیں گی اور امید ہے وہ ہمارا پیغام نہیں ٹھکرائیں گے۔
افغان فضائیہ کا پہلی بار طالبان پر لیزرگائیڈڈمزائلوں ، بموں سے حملہ ، متعدد کمانڈر ہلاک
Mar 29, 2018