سپریم کورٹ نے امریکی سفارتخانے کی توسیع کیخلاف درخو است خارج کر دی

Mar 29, 2018

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے امریکی سفارتخانے کی توسیع کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایسے معاملات عدالت میں آنے والے نہیں یہ سفارتی معاملہ ہے ۔ وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفر اللہ کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 56 ایکڑ پر امریکہ کے لئے کنٹونمنٹ بنائی گئی ، مزید 80ایکٹر کی ڈیمانڈ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ معاملہ سفارتی نوعیت کا ہے عوام اجتماعی مفاد کے زمرے میں نہیں آتا۔درخواست گزار نے کہا کہ اضافی جگہ پر ہوٹل بھی بنایا گیا جو خلاف قانون ہے، امداد دینے کے نام پر زمین حاصل کی گئی، چیف جسٹس نے کہا کہ یہ معاملات عدالتوں میں آنے والے نہیں، یہ پالیسی معاملہ ہے، عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

مزیدخبریں