گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )باڈی بلڈنگ کے سالانہ مقابلوں میں اشرف مغل مسٹرگوجرانوالہ، حمزہ مسٹر جونیئر گوجرانوالہ بن گئے۔جیتنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافی اور نقد انعامات دیئے گئے۔ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے زیر اہتمام باڈی بلڈنگ کے سالانہ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا یہ مقابلے گوجرانوالہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے منعقد ہوئے، باڈی بلڈنگ کے ان مقابلوں میں گوجرانوالہ ضلع ساٹھ کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس میں اشرف مغل مسٹر گوجرانوالہ اور حمزہ نے جونیئر مسٹر گوجرانوالہ کا ٹائٹل جیت لیا، مسٹر گوجرانوالہ منتخب ہونے پر اشرف مغل کو ائیر کولراور بیس ہزار روپے، حمزہ کو ائیر کولر اور دس ہزار روپے دیئے گئے، تقریب کے مہمان خصوصی صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نور محمد مرزا، صدر گوجرانوالہ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن سابق مسٹر پاکستان ارشد مغل، چیئرمین باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن طارق مغل، سابق صدر گوجرانوالہ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن حاجی ٹیپو سلطان اور شیخ شاہد فیاض تھے۔صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نور محمد مرزا کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو جتنی بھی زیادہ سہولیات میسر آئیں گی اتنا ہی نوجوان نسل کھیلوں کی طرف زیادہ متوجہ ہوگی اور معاشرہ میں بھی سدھار پیدا ہوگا۔