سردار نسیم کی جانب سے بند کمرے کی ملاقات اور کھانا ، وائس چئیرمینوں کو رام کر لیا

Mar 29, 2018

راولپنڈی (محمد رضوان ملک / نیوزرپورٹر) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے وائس چئیرمینوں کا اجلاس مئیر راولپنڈی سردار نسیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مئیر کی جانب سے بند کمرے کی ملاقات اور کھا نا کام کر گیا ۔ مئیر نے چند روز قبل ہی کھانے پر بلا کر وائس چئیرمینوں کو رام کر لیا تھا جس کے باعث اجلاس کے دوران وائس چئیرمینوںنے مئیر پر ہاتھ کافی ہلکا رکھا۔ یونین کونسل 18 کے رائو اقبال اور یوسی 40 کے کمال حیدر نے کسی حد تک تنقید کی لیکن مئیر نے انہیں بھی رام کر لیا۔ بدھ کو وائس چئیرمینوں کا اجلاس مئیر کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ وائس چئیرمینوں نے شہر میں تجاوزات، صفائی کے ناقص انتظامات، سٹریٹ لائٹس کی کمی ،سٹریٹ کرائم اور شہر میں بھینسوں کے باڑے دوبارہ قائم ہونے جیسے مسائل سے مئیر کو آگاہ کیا۔ مئیر نے وائس چئرمین اللہ دتہ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے چار سے چھ چئیرمین اور وائس چئیرمینوں پر مشتمل کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جو شہر وں کو درپیش مسائل کے حوالے سے مئیر کو آگاہ کریں گے۔ اجلاس دن 12 بجے شروع ہوا جو دو گھنٹے جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق سابقہ اجلاس کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے مئیر راولپنڈی نے چندروز بیشتر ایک مقامی ہوٹل میں تمام وائس چئیرمینوں کو کھانا دیا تھا اور ان سے درخواست کی تھی کہ آپ لوگ مسائل کی نشاہدہی کریں لیکن میری ذات کو بے جا تنقید کا نشانہ نہ بنائیں جس کا اثر ہوا اور بدھ کو وائس چئیرمینوں کے دوسرے اجلاس میں وائس چئیرمینوں نے مئیر پر زیادہ تنقید سے گریز کیا۔ اجلاس کے دوران مئیر نے اپنے مخالف وائس چئیرمین اللہ دتہ کو کہا کہ آپ بھی خطاب کریں جس پر اللہ دتہ نے چئیرمینوں اور وائس چئیرمینوں پر مشتمل کمیٹیاں بنانے کی تجویز دی جس سے مئیر نے اتفاق کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مئیر سردار نسیم نے کہا کہ ان کے لئے سب برابر ہیں وہ شہر کے مسائل کے حوالے سے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ہم سب شہر کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں ۔ہمیں ایک دوسرے پر تنقید کی بجائے عوامی فلاح و بہبود پر نظر رکھنی چاہیے۔

مزیدخبریں