اسلام آباد(نا مہ نگار)وزارت مذہبی امور و بین المسالک و ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہم نصابی سرگرمیاں ذہنوں کو جلا بخشتی ہیں اور منفی سرگرمیوں سے روکتی ہیں، اسلامی یونیورسٹی نہ صرف دینی بلکہ سائنسی علوم کی تعلیم بھی فراہم کرنے میں بھی اپنا مقام رکھتی ہے۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے خواتین کیمپس میں27 ویںہفتہ ثقافت کا آغاز بدھ کے روز ہوا ،جس کاافتتاح وزارت مذہبی امور و بین المسالک و ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے کیا ۔ تقریب کا عنوان ’’نوجوان اذہان کی آبیاری میں یونیورسٹی کا کردار ‘‘ تھا،جس سے خطاب کرتے ہوئے سردارمحمد یوسف نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی نہ صرف دینی بلکہ سائنسی علوم کی تعلیم بھی فراہم کرنے میں بھی اپنا مقام رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں ذہنوں کو جلا بخشتی ہیں اور منفی سرگرمیوں سے روکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلباء و طالبات اپنی صلاحیتوں اور کردار سے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ جامعہ اپنے علمی و تدریسی امور کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاقی اقدار کو بھی پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔ مختلف اقوام اور تہذیب و ثقافت سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کو بلا تفریق تعصب سے پاک پر امن ماحول فراہم کرنا اسلامی یونیورسٹی کا امتیاز ہے۔افتتاحی تقریب میں سینیٹر ستارہ ایاز، صومالیہ کی سفیر خدیجہ محمد المحزومی، ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سمیت غیر ملکی قونصلرز ، جامعہ کے ڈینز ، ڈائریکٹرز ، اساتذہ ، ملازمین اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیری سرگرمیوں کا فروغ جامعہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ میں ہم نصابی سرگرمیوں کی پزیرائی کی جا رہی ہے ۔ ریکٹر جامعہ کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی کا بنیادی مقصد امت مسلمہ کو ایسے بہترین افراد مہیا کرنا ہے جو عصری علوم میں مہارت رکھنے کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی مکمل آگاہی رکھتے ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی کی شعبہ تعلیم میں خدمات کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ ڈاکٹراحمد یوسف الدریویش نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین نئی نسل کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار کی حامل ہیں ۔ نصابی تعلیم کے ساتھ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف رکھنا بھی اہم اقدام ہے جس پر جامعہ خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صدر جامعہ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی کو اولین مقصد سمجھیں کیونکہ پاکستان کی ترقی امت مسلمہ کی ترقی ہے۔فارغ التحصیل طلباء و طالبات جامعہ کے سفیر کی حیثیت سے عملی زندگی میں اعلیٰ کردار کا مظاہرہ کریں گے۔قبل ازیں، اپنے افتتاحی کلمات میں ڈاکٹر نائلہ جبین نے ثقافتی ہفتہ کی تقریبات کے بارے شرکا ء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آخر میں ریکٹر اور صدر جامعہ نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈبھی پیش کیں ۔تقریب کے بعد ڈائریکٹر خواتین کیمپس ڈاکٹر فرخندہ ضیاء نے تمام مہمانوں اور شرکاء کو سٹالز کا دورہ کرایا،جو کثیر ممالک کی ثقافتوںکے خوبصورت سنگم کو دیکھ بہت متاثر ہوئے اور طلباء کی محنت کو سراہا۔ نمائش میں مختلف ممالک کے سٹالز لگائے گئے تھے جن میں چائینہ ، سعودی عرب ، ترکی ، ملائشیا، افغانستان ، مصر، تھائی لینڈ ، انڈونیشیا، صومالیہ،سیریا اور کئی دوسرے ممالک کے سٹال شامل تھے جبکہ گلگت بلتستان، پنجاب ، خیبر پختونخواہ، سندھ ، بلوچستان، اور آزاد جموں و کشمیرکی طالبات نے رنگا رنگ سرگرمیوںسے اپنی ثقافت کا مظاہرہ کیا۔