اقوام متحدہ کشمیریوں کی قربانیوں کانوٹس لے:سید علی گیلانی

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادو ں کے مطابق حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں لہذا اقوام متحدہ اس حق کے حصول کیلئے کشمیریوں کی قربانیوںکا نوٹس لے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کی ذمہ دار مقبوضہ علاقے کی بھارت نواز سیاسی جماعتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اگرچہ مقبوضہ وادی کو مقتل میں تبدیل کر دیا ہے لیکن تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے استعمال سے دبایا نہیں جاسکتا۔ اجلاس میں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑجیل اور دیگر جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند سینکڑوں کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش ظاہر کی گی۔ادھر بھارتی حکومت کے خصوصی نمائندے دنیشور شرماءکے دورے سے قبل آج ضلع پلوامہ کے قصبے ترال میں سخت پابندیاںعائد کر دی گئیں۔ قصبے میں مظاہروں کو روکنے کیلئے فوجیوںکی بڑی تعداد کو تعینات کیاگیا تھا ۔ تاہم بھارت کے خصوصی نمائندے کے دورے کے خلاف احتجاج کیلئے مکمل ہڑتال کی گئی ۔ تمام دکانیں، تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ قصبے کی سڑکوںپر ٹریفک معطل رہی ۔ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ فوجی کارروائی کے خلاف نوجوانوںنے گھروںسے باہر نکل کر فورسز اہلکاروں پر پتھراﺅ کیا۔ فوجیوںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔کشمیریونیورسٹی میں شعبہ ارضیات کے طالب علم سمیر احمد ڈار کی گمشدگی کے خلاف آج مسلسل چوتھے روز بھی زبردست مظاہرے کئے گئے۔ سمیر 19مارچ کو یونیورسٹی سے گھر جاتے ہوئے لاپتہ ہو گیاتھا۔ احتجا ج کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثرہ ہوئیں۔ احتجاج میں شامل طلباءنے وائس چانسلر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا ۔ وائس چانسلر پروفیسر خورشید اقبال اندرابی نے احتجاجی طلباءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کو بھی سمیر احمد کی گمشدگی پر شدید تشویش ہے ۔

ای پیپر دی نیشن