وزیر اعظم چیف جسٹس کو کچھ دیکر نہیں بلکہ ان سے بہت کچھ لیکر آئے ہیں: اعتزاز احسن

Mar 29, 2018 | 19:11

ویب ڈیسک

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس کی ملاقات کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اس ملاقات میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو کچھ دیکر نہیں بلکہ ان سے بہت کچھ لیکر آئیں ہیں اور ان کی چیف جسٹس کے ساتھ دو گھنٹے طویل ملاقات سپریم کورٹ کو مشکل میں لے آئے گی۔ایک انٹرویومیں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ میں اس ملاقات کو تحسین کی نگاہ سے نہیں دیکھ رہا ہوں۔ یہ نہیں مانا جاسکتا کہ وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی مرضی کے بغیر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملنے گئے ہوں بلکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ وہ نواز شریف کی ہدایت ہی پر چیف جسٹس سے ملنے گئے تھے۔اعتزاز احسن نے کہاکہ نواز شریف کا اس ملاقات سے متعلق لاعلمی کا بیان محض تحریری (سکرپٹڈ) ہے جبکہ یہ تمام معاملہ ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت طے پایا تھا اور مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اچھی پولیس اور بری پولیس والا کھیل کھیل رہے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کیلئے اس ملاقات سے منع کرنا بہت مشکل ہوتا اگر وہ ایسا کرتے تو تاثر یہ جاتا کہ چیف جسٹس پہلے سے ہی مسلم لیگ (ن) کیخلاف جانے کو تیار بیٹھے ہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس وقت نواز شریف بچاو پارٹی بن کر رہ گئی ہے۔ ایک جانب نواز شریف کا عدلیہ کے خلاف سخت موقف اختیار کرنا اور ان ہی کے منتخب کردہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا چیف جسٹس کے ساتھ مشاورت اور ان کے احکامات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروانا صاف ظاہر کرتا ہے کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔

مزیدخبریں