کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خطاب کے دوران کارکن آپس میں لڑ پڑے جس کی وجہ سے عمران خان کو خطاب ادھورا چھوڑ کر واپس جانا پڑا۔پی ٹی آئی بلوچستان کے زیر اہتمام میٹروپولیٹن کارپوریشن کے قریب ممبرشپ کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا، چیئرمین عمران خان کیمپ میں آئے اور جب خطاب شروع کیا تو پی ٹی آئی کے نور محمد دمڑ گروپ کے کارکنوں نے صوبائی قیادت کیخلاف نعرے بازی شروع کردی۔عمران خان نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔بدنظمی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خطاب چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئے جس کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کا جھگڑا شروع ہوگیا۔عمران خان کے نہ رکنے پر کارکن دل برداشتہ ہوگئے اور پارٹی بینرز جلادیے، پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کیخلاف نعرے بھی لگائے جبکہ ایئرپورٹ روڈ پراحتجاج کے دوران مشتعل کارکنوں نے عمران خان کی گاڑی پر کرسی بھی اچھالی۔پولیس نے کارکنوں کو منتشر کردیا.