اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے سندھ، بلوچستان سے الیکشن کمشن کے دو ارکان کی تقرری کے تنازعہ پر وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے ایک دوسرے کو خط لکھ دیئے ہیں۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے شہبازشریف کو خط لکھ کر نام بھجوا دیئے ہیں۔ قانونی تقاضوں کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ناموں پر مشاورت ہونی چاہئے۔ اگر دونوں کے درمیان مشاورت کے ذریعے اتفاق نہیں ہوتا تو پارلیمانی کمیٹی موجود ہے۔ اپوزیشن لیڈر آفس کے جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کے دفتر کا 11 مارچ کا خط آئین کی متعلقہ شقوں کی خلاف ورزی ہے۔ آپ کا حالیہ خط بھی آئینی تقاضوں کو پورا نہیں کرتا۔ الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کیلئے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت میں تاخیر آئین کے آرٹیکل 215 چار کی خلاف ورزی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے دفتر سے وزیراعظم آفس بھجوائے جانے والے خط میں آئین کے آرٹیکل 213 دو اے کا متن بھی تحریر کیا گیا ہے۔ مشاورت کسی نامزد شخص کے ذریعے نہیں ہوسکتی۔ فہرست میں اب جو نام آپ نے بھجوائے ہیں، وہ شاہ محمود قریشی کے خط میں دیئے گئے مجوزہ ناموں سے مختلف ہیں۔ 2011 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشاورت کی حدود و قیود طے ہیں اس عدالتی فیصلے سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔
اسلام آباد( محمد نواز رضا )وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے درمیان ’’کمیونیکشن گیپ‘‘ کی وجہ سے الیکشن کمشن آف پاکستان کے اراکین کی نامزدگی کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے کا امکان ہے، قبل ازیں نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ’’خط و کتابت ‘‘ کی نذر ہو چکا ہے جس کے باعث وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مشاورتی اجلاس منسوخ کر کے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے پر آمادگی کا اظہار کرنا پڑا اپوزیشن لیڈر نے بیوروکریسی کے ذریعے مشاورتی خط پر تحفظات کا اظہار کیا وزیر اعظم عمران خان ، اپوزیشن لیڈر سے براہ راست مشاورت کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمشن میں ارکان کی خالی نشستوں پر نامزدگیوں کے لیے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے بالواسطہ رابطہ کیا ہے جس پر اپوزیشن لیڈر نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم کے سیکرٹری کی طرف سے سندھ اور بلوچستان سے اراکین کے نامزدگی کے لیے چھ نام اپوزیشن لیڈر کو ارسال کر دیئے گئے ہیں جن سے باقاعدہ طور پر حتمی ناموں کے لئے مشاورت کی جا رہی ہے وزیراعظم آفس کی طرف سے الیکشن کمشن میں بلوچستان سے راجا عامرعباس، محمود رضا اور صلاح الدین مینگل کے نام جبکہ سندھ سے ندیم قریشی، جسٹس (ر) عبدالغفور میمن اور جسٹس (ر)نور الحق قریشی کے نام تجویز کیے ۔
سندھ، بلوچستان سے الیکشن کمشن ارکان کی تقرری کا تنازعہ، وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر کے ایک دوسرے کو خطوط
Mar 29, 2019