لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ایفیڈرین کیس میں سزا یافتہ ن لیگی رہنما حنیف عباسی کو جیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی دل اورگردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں انہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جائے، سرکاری وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی کی طبی رپورٹس منگوا لی جائیں، جس پر عدالت نے کہا اگر آپ بیمار ہوں تو آپ کو بھی ہسپتال بھجوانا چاہئے۔ یہ انسانی صحت کا معاملہ ہے۔ اتنا سخت رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے۔ عدالت نے حنیف عباسی کو جیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے متفرق درخواست نمٹادی۔ عدالت نے سزا کے خلاف حنیف عباسی کی اپیل پر سماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے حنیف عباسی کی اپیل پرٹرائل کورٹ سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔
ایفیڈرین کیس: حنیف عباسی کو جیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کر نے کا حکم
Mar 29, 2019