6 ووٹ سے بنی حکومت ہر وقت عدم تحفظ کا شکار، ایک مائینڈسیٹ ون یونٹ قائم کرنا چاہتا ہے: بلاول

کراچی+ لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) بلاول بھٹو زرداری نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جب سے سیاست میں آیا ہوں پارٹی کا لوگوں سے رابطہ بڑھ گیا ہے۔ ہر سال اپریل میں ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ فیصلہ کیا اس بار ٹرین کے ذریعے گڑھی خدا بخش جائیں گے۔ ٹرین مارچ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا دو تین روز میں فیصلہ ہوا۔ چھ ووٹ سے بنی حکومت ہر وقت عدم تحفظ کا شکار ہے اور ہر چیز کو اپنے لئے خطرہ سمجھ رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کی کال دی تو حکومت کو پتہ لگ جائے گا۔ ہم اپوزیشن میں ہیں اور یہ کردار ادا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت لائی جا رہی ہے۔ کچھ لوگ 18 ویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں، حکومتی لوگ کھل کر کہتے ہیں ہم 18 ویں ترمیم کے خلاف ہیں۔ دراصل وہ 18 ویں ترمیم کا نفاذ نہیں چاہتے۔ وفاق نے سندھ سے 3بڑے ہسپتالوں کو چھین لیا۔ وفاق چھوٹے صوبوں کو حقوق نہیں دے رہا۔ ایک مائنڈ سیٹ موجود ہے جو ون یونٹ قائم کرنا چاہتا ہے۔ آصف زرداری کے دور میں ہم نے سی پیک منصوبہ شروع کیا۔ غیر منتخب حکومت میں خارجہ پالیسی غیر متحرک ہو جاتی ہے۔ بدقسمتی سے سابق حکومت میں بھی خارجہ پالیسی غیر فعال رہی۔ گزشتہ دور میں تو ہمارا وزیر خارجہ ہی نہیں تھا۔ خارجہ محاذ پر نئی حکومت نے کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ حکومت میرے خلاف بچگانہ بیان دے رہی ہے، حکومت کو ثابت کرنا ہوگا وہ دہشتگرد تنظیموں کے خلاف ہے۔ پورا ملک کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہا ہے۔ پوچھتا ہوں اگر اب صحیح وقت نہیں تو کب ہوگا؟ کوئی نئی بات نہیں کی، پہلے دن سے میرا یہی موقف ہے۔ ہمیں احتساب پر کوئی اعتراض نہیں کراچی کا کیس جب آپ راولپنڈی منتقل کریں تو اعتراض ہوگا۔ جو سلوک پیپلز پارٹی کے ساتھ کیا گیا وہ غیر قانونی ہے۔ کیس کا جس طرح الیکشن کے دوران از خود نوٹس لیا گیا وہ متنازعہ ہے۔ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے کہا بلاول بے گناہ ہے۔ یقین ہے ان عدالتوں سے ہمیں انصاف ملے گا۔ لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا 4 اپریل کو قائد عوام کا 40 واں یوم شہادت ہے اس دن ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریں گے قائد عوام نے شہادت قبول کی عوام کو دھوکا نہیں دیا 40 سال گزرنے کے باوجود بھی بھٹو کی سوچ و فکر سے ڈرتے ہیں جب قائد عوام کے نواسے کو بھٹو شہید کے نام سے پکارا جاتا ہے تو ان کی چیخیں نکل جاتی ہیں ہم جانتے ہیں کہ بھٹوز کیلئے ہمیشہ پنڈی میں کربلا برپا کیا گیا ہے لیکن ہم ڈرتے نہیں میں چھ سال کا تھا جب جیل جایا کرتا تھا۔

ای پیپر دی نیشن