حلب + مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز) شام کے شہر حلب کے ہوائی اڈے پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری سے 4افراد جاں بحق ہو گئے ۔ مغربی کنارے می ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے شہرحلب کے ہوائی اڈے کے قریب ایران کے مبینہ اسلحہ گودام پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں4افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اسلحہ، گولہ بارود تباہ ہو گیا ۔ شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے شامی عسکری ذرائع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا حلب میں اسرائیلی بمباری کے بعد پورے شہر میں بجلی کا نظام درہم بر ہم ہوگیا۔دریں اثنا مقبوضہ مغربی کنارے کے قریب اسرائیلی فورسز نے ایک اورفلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قابض فوج نے بیت اللحم میں ایک مہاجرکیمپ پرچھاپہ مارا، جس کے نتیجے میں فورسزاورفلسطینیوں کے درمیان مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ اس دوران فوج کی فائرنگ سے 18 سالہ فلسطینی طبی رضاکارساجد مظہرشہید ہوگیا۔ ساجد مظہرپراسرائیلی فوج نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ طبی مدد فراہم کر رہا تھا۔ادھرمقبوضہ مغربی کنارے میں قابض فوج نے ایک یونیورسٹی پربھی چھاپہ مارا جس کے بعد فلسطینیوں اورفورسزمیں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ فورسزنے مظاہرین پرآنسو گیس اورربڑکی گولیوں کی بھی بوچھاڑکی۔ادھر اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق دیر ابو مشعل میں گھر گھر تلاشی کے دوران فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ غرب کے شمالی شہر جنین‘ جنوبی شہر الخلیل اور دیگر علاقوں میں تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
حلب: اسرائیلی طیاروں کی ایرانی اسلحہ گوداموں پر بمباری‘ 4 افراد جاں بحق
Mar 29, 2019