مشکل کی گھڑی میں ایک قوم بن کردکھانا ہوگا:ٹیکس بارایسوسی ایشن

لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس کیخلاف آگاہی مہم کا آغاز کردیا جس کے تحت تمام ممبران کو بذریعہ ایس ایم ایس اورویڈیو پیغامات کے ذریعے گھروں تک محدود رہنے اور حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب ناگرہ اور سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمن زبیری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں ایک قوم بن کر دکھانا ہے ،اس وائرس کوشکست دینے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ہم نہ صرف خود کو گھروں تک محدود رکھیں بلکہ حکومت کی بتائی گئی حفاظتی تدابیر پر بھی عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وبائ￿ کے خاتمے کے بعد سب کو ملکی معیشت کو بچانے اور معاشی سر گرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے پیکج اور ٹیکسوں میں ریلیف کے اعلانات قابل ستائش ہیں اور آگے چل کر حکومت کو اس طرح کے مزید اعلانات کرنا ہوں گے۔ کورونا وائرس قومی مسئلہ ہے اس لئے ہمیں مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے اور اسے شکست دینی ہے۔ملک بھر کے چیمبرز، ٹیکس بارز ،ایسوسی ایشنز، ٹریڈیونینز سے اپیل ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیں۔

ای پیپر دی نیشن