پاک اینگلنگ کلب کی حکومت کی والنٹیرز فورس میں اپنی خدمات کی پیشکش

اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) مچھلیوں کے شوقیہ شکاریوں کی تنظیم پاک اینگلنگ کلب کا ایک ہنگامی اجلاس سینئر نائب صدر مبشرالاسلام کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیکرٹری جنرل محمد فہیم انور، ممبر گوورننگ بورڈ/کمیٹی خالدعثمانی، جائنٹ سیکرٹری اعجاز حسین قریشی، آفس سیکرٹری جاوید اقبال اور چیف ایگزیکٹیو شادا استاد سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیلنے والی وباء کرونا وائرس کے حوالے سے کلب کے تمام ممبران سے کہا گیا کہ وہ آئندہ چند ہفتے راول ڈیم سمیت کسی بھی ڈیم یا شکارگاہ پر شکار کھیلنے نہ جائیں، سینئر نائب صدر مبشر الا سلام نے کہا کہ کرونا ایک بڑی آفت ہے اس سے بحیثیت قوم ہم سب کو ملکر لڑنا ہے، حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کرونا کے پھیلائو اور اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے اقدمات کر رہی ہے ۔ حکومت کی بہترین حکمت عملی سے کرونا وائرس کے پھیلائو میں کافی حد تک کنٹرول کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے عوام کیلئے مراعات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آنے والے دنوں میں سخت آزمائش سے دوچار عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔انہوں نے وزیر اعظم کو پیشکش کی کہ پاک اینگلنگ کلب کے تمام آفیشلز اور ممبران حکومت کی والنٹیرز فورس میں اپنی خدمات دینے کیلئے تیار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن