گورنر کا ایک لاکھ غریب خاندانوں کو راشن دینے کا اعلان

Mar 29, 2020

لاہور ( نیوز رپورٹر)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے تما م جیلوں کے قیدیوں اور سٹاف کو ماسک، سینی ٹائزر، صابن اور پنجاب کے 1لاکھ غر یب خاندانوں کو مفت راشن کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ سڑکوں پر نکل کر نہیں گھر میں بیٹھ کر ہی جیتی جاسکتی ہے اگر عوام سڑکوں پر نکلنے سے باز نہ آئے تو سخت ترین فیصلے کیے جائیں گے۔ خدا کیلئے اٹلی اور فرانس جیسے حالات سے بچنے کیلئے گھروں میں رہیں۔ اپوزیشن بھی گلے شکوے چھوڑ کر کرونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دے۔ وہ ہفتہ کے روز گور نرہاؤس میں لاہور انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے گوہر اعجاز،اخوت کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب،بزنس پینل پاکستان کے سربراہ خواجہ شیراز اکرم، پیف کے قاضی عظمت، سرور فاؤنڈیشن کی وائس چیئرپرسن بیگم پروین سرور سمیت 12فلاحی تنظیموں کے نمائندوں کے ہمراہ پر یس کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک میں شامل12فلاحی تنظیموں کے ساتھ ملکر ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں سٹاف اور قیدیوں کو بھی کرونا سے بچانے کیلئے بھر پور اقدامات کر یں گے ‘ پہلے مر حلے لاہور کی جیلوں کے سٹاف اور قیدیوں کو کرونا سے بچانے کیلئے سامان کی پہلی کھیپ آئی جی پنجاب کے حوالے کردی ہے اور46 ہزار قیدیوں سمیت جیلوں کے سٹاف کو کرونا سے بچانے کیلئے ماسک،سینی ٹائزر،صابن،دستانے اور جراثیم کش شیمپوفراہم کیے جائیں گے ‘ کرونا بحران کی وجہ سے بے روزگار ہونیوالے تمام خاندانوں کو مفت راشن فر اہم کیا جائیگا اور پہلے مر حلے میں 1لاکھ خاندانوں کو مفت راشن فراہم کر نے کا آغاز کر رہے ہیں ‘ اس کیلئے ایک ایسی ایپ بھی تیار کی جا رہی ہے جسکے بعد راشن لینے والے ہر فرد کا نام ایپ میں شامل ہو جائیگا ۔ ہم کوشش کر یں گے کہ باقی فلاحی اداروں کو بھی اس ایپ میں شامل کر یں ۔ ریاست بے سہارا لوگوں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت پوری کر ے گی۔

مزیدخبریں