سال میں چینی کیساتھ دیگر اشیاء کے  نرخ بھی 100فیصد تک بڑھے 

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون ) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ ایک سال میں صرف چینی ہی نہیں دیگر اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق مارچ 2020ء کے مقابلے میں مارچ 2021ء میں اڑھا ئی کلو کوکنگ آئل کی قیمت میں 212.51 روپے، اڑھائی کلو گھی کی قیمت میں 110.62روپے، ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 127.5روپے، ایک درجن انڈوں کی قیمت میں 46.5روپے، 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 51.52 روپے اور چاول کی قیمت میں 10.29روپے فی کلو اضافہ ہوا۔ اسی تناسب سے دیکھا جائے تو چینی کی قیمت میں صرف 20 روپے اضافہ ہوا ہے جو کہ تقریباً 20فیصد بنتا ہے۔ جبکہ دیگر اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں 50 فیصد سے 100فیصد تک اضافہ ہوا۔ مارچ کے مہینے میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب  سے چینی کی درآمد کیلئے ٹینڈر دئیے گئے۔ پہلے ٹینڈر میں کراچی میں چینی کی قیمت بغیر ٹیکس کے 93روپے فی کلو گرام ملنی تھی۔ اس ٹینڈر کو مسترد کر دیا گیا۔ دوبارہ ٹینڈر آنے تک کراچی میں فی کلو گرام چینی کی قیمت 95روپے فی کلو گرام بغیر ٹیکس ملنی تھی۔ اس ٹینڈر کو بھی مسترد کر دیا گیا۔ چینی کی قیمتوں میں دنیا بھر میں بتدریج اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس وجہ سے پاکستان کیلئے باہر سے چینی منگوانا فائدہ مند نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن