سٹاف رپورٹر سے) تھانہ بھارہ کہو کے علاقے ڈھوک جیلانی میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے راہگیر کو زخمی کرنے کے بعد بھاگتے ہوئے دو سالہ اور دو ماہ کی بچیوں کو اٹھایا اور ایک گھر میں گھس کر کچن میں جا پہنچا۔ کچن کا دروازہ بند کر لیا اور سنگین صورتحال پیدا کر دی۔ ملزم نے دھمکیاں دیں اور مطالبہ پیش کیا کہ اس سے اینکر پرسن ملوائے جائیں ورنہ وہ ایسا کچھ کردے گا جو تمہارے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا۔ ایس ایس پی آپریشن تنویر مصطفیٰ کی ہدایت پر بھاری نفری پہنچائی گئی۔ پولیس نے اپنے ایک ملازم کو ٹی وی اینکر کے روپ میں مسلح شخص سے ملنے کیلئے بھیجا تو اس نے کہا کہ میرے ساتھ ڈرامے بازی مت کی جائے۔ اصلی اینکر بھیجو اس دوران پولیس ایلیٹ فورس کے دستے بھی طلب کئے گئے۔ ایس پی نے ملزم سے کچن کی کھڑکی کی جالی سے مسلسل رابطہ رکھا تاکہ بچیوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ اس دوران پولیس نے اچانک ایکشن کر کے ملزم کو دبوچ لیا اور بچیوں کو نکال لیا۔ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سرا ہا اور کہا اچھی پرفارمنس پر پولیس ٹیم کو انعامات دئیے جائیں گے۔