بلدیاتی الیکشن: کراچی میں پی پی سے تعاون کا فیصلہ جماعت اسلامی کی شوریٰ میں ہوگا

لاہور (سید عدنان فاروق) ماضی کے سیاسی حریف مستقبل میں سیاسی حلیف بننے کو تیار، پیپلز پارٹی کی قیادت کی مختلف مواقع پر منصورہ آمد اور جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی بلاول ہائوس یاترا کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ خصوصاً کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں تعاون کی پیش کش پر جماعت اسلامی نے حامی بھر لی۔ تاہم تعاون کے حوالے سے حتمی فیصلہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کرے گی۔ جماعت اسلامی قیادت نے سندھ اور کراچی تنظیم کو بھی اس پیش رفت سے آگاہ کر دیا۔ تعاون کی پیش کش حالیہ دنوں میں بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی  کے دورہ منصورہ کے موقع پر کی گئی تھی۔ ذرائع کے جماعت اسلامی میں اس وقت عمومی رائے ہے کہ مسلم لیگ ن کو بارہا آزمایا جا چکا اور مسلم لیگ ن کی قیادت نے ہمیشہ جماعت اسلامی سے وقت پڑنے پر ساتھ ملایا اور ضرورت نکلنے پر اس سے منہ پھیر لیا، جبکہ تحریک انصاف سے ماضی میں اتحاد کا تجربہ بھی اچھا ثابت نہیں ہوا، جبکہ ان کی حکومتی کارکردگی بھی ان کی نیت اور اہلیت پر سوالیہ نشان کھڑے کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے ایک عہدیدار نے ’’نوائے وقت‘‘ کو بتایا کہ ماضی میں ہمارے مختلف قومی امور پر اختلاف رائے رہا، اختلافات پرانی بات ہوگئے، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی طرف رجحان میں جماعت اسلامی کے تمام فورم اس پر متفق ہیں کہ ہدف کے حصول میں نئے دوست بنانے میں کوئی حرج نہیں۔ رہنما نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں احترام کے رشتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن