لاہور +راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار+جنرل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ظالم کرپٹ اشرافیہ کل اور آج بھی رکاوٹ ہے۔ لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت‘ امریکہ‘ برطانیہ‘ فرانس میں ایک روز بھی مارشل لاء نہیں لگا۔ لوگ پوچھتے ہیں پی ڈی ایم کا ساتھ کیوں نہیں دیا۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی باریوں کے انتظار میں رہے ہیں۔ ملک میں خاندانوں کی سیاست نہیں چلے گی۔ معاشی دہشتگردوں کی وجہ سے غریب کو انصاف نہیں ملتا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ ایوانوں میں قانون سازی کی بجائے گالیاں دی جاتی ہیں۔ آج ہم مریخ تک پہنچ جاتے مگر کرپٹ اشرافیہ کے باعث پیچھے ہیں۔ تہتر سال سے قوم کو یرغمال بنانے والوں کو اب حساب دینا ہو گا۔ وزیراعظم تاریخ سے بے خبر ہیں۔ وزیراعظم پاکستان ٹوٹنے کے دن بنگلہ دیش کو مبارکباد دے رہے ہیں۔ بے روزگار نوجوان کو جب تک روزگار نہیں ملتا اسے الاؤنس ملنا چاہئے۔ سیاسی جماعتوں کے چہروں سے نقاب اتر چکا ہے۔