لاہور ،ہارون آباد،اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار+نامہ نگاران) دنیا بھر میں ہندو برادری نے بھی رنگوں کا تہوار ’’ہولی ‘‘ جوش و جذبے کیساتھ منایا۔ لاہور میں اگر وال آشرم میں خصوصی تقریب ہوئی،کرونا کے سبب محدود افراد نے شرکت کی، وزیر اعظم ،صدر۔چیئرمین وقف متروکہ املاک بورڈ ڈاکٹر عامر نے مبارکباد دی،تقریب میں ہندو رہنما منور چاند،ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس سمیت دیگر رہنمائوں،بورڈ افسروں نے شرکت کی۔ہندوئوں نے ایک دوسرے پر رنگ چھڑک کر روا داری اور محبت کا اظہار کیا۔ ہارون آباد شہر کی مدینہ کالونی میں رہائش پذیر ہندو برادری نے ’’ہولی‘‘ تہوار مذہبی جوش و خروش کیساتھ منایا۔ بچوں، بوڑھے اور نوجوانوں نے گیت گاتے ہوئے ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر روا داری اور محبت کا اظہارکیا۔ رشتے داروں اور دوستوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ہندوبرادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے میڈیا کو بتایا کہ ’’ پاکستان میں اقلیتی برادری ہر لحاظ سے مکمل آزاد ہے، اس موقع پر ہندو برادری کے افراد نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ ادھر بلاول بھٹو زرداری نے ہندو تہوار ہولی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہندو برادری اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں رنگوں کا قدیم تہوار ہولی منانے والوں کو مبارک باد۔ ہولی کا پیغام محبت‘ امن اور بھائی چارہ ہے۔ ہولی کا تہوار برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت بھی ہے۔ شہید بھٹو کی جانب سے قوم کو دیا گیا متفقہ آئین‘ ہندو برادری سمیت پاکستان میں تمام اقلیتوں کے یکساں حقوق کی ضمانت ہے۔