لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔ ایماندار قیادت ہی ملک کو آگے لیکر جا سکتی ہے۔ ملک کی قسمت کھوٹی کرنے والے سابق حکمران عبرت کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کو بالائے طاق رکھنے والی پی ڈی ایم خود اپنے منطقی انجام تک پہنچ چکی ہے۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو پہلے کچھ حاصل ہوا نہ آئندہ کچھ حاصل ہوگا۔ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مدت پوری کرے گی۔ سازشی عناصر ہاتھ ملتے ہی رہ جائیں گے۔ اپوزیشن کو منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت کے ذریعے دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کی تیسری لہر کے باعث مریضوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انسداد کرونا کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ عوام کی حفاظت کیلئے آئندہ بھی مزید اقدامات کرتے رہیں گے۔ غیر معمولی حالات، غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے پابندیاں مزید سخت کی جاسکتی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مریدکے کے علاقے سادھوکی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔ پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو، مسیحی، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے شہری ہیں۔ پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری نے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اقلیتوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر کے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے۔