وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے وہ اضلاع جہاں کورونا کیسز کی شرح 12فیصد سے زیادہ ہے وہاں یکم اپریل سے موثر لاک ڈاﺅن کیا جائے گا، میٹرو بس سروس ،سپیڈو بس، اورنج ٹرین کو بھی بند کیا جا رہا ہے، یکم اپریل سے ان ڈور ، آﺅٹ ڈور تمام شادی کی تقریبات پر پابندی لگائی جا رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاط کریں کیونکہ کورونا مریضوں کے اضافہ کی وجہ سے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی ہے۔ پیر کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر زیادہ خطرناک اور مہلک ہے، لاہور میں کورونا کیسز کی شرح 21فیصد رہی ہے، پنجاب کے بڑے شہروں میں وباءتیزی سے پھیل رہی ہے، کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں، یکم اپریل سے وہ اضلاع جہاں کیسز کی شرح بارہ فیصد سے زیادہ ہے وہاں موثر لاک ڈاﺅن کیا جائے گا اور یکم اپریل سے ان ڈور اور آﺅٹ ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صنعتیں اور کاروبار بند کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے ہیں، اس لئے معاشی سر گرمیوں پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگارہے ہیں، معاشی سر گرمیوں کو محدود کیا جا رہا ہے جبکہ ہفتہ میں دو دن دکانیں اور مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور روز مارکیوٹں کو شام 6بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماس ٹرانزٹ کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور اورنج ٹرین بھی بند رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تفریحی مقامات، پارکس اور دیگر ایسے تمام مقامات کو بھی بند کیا جا رہا ہے جبکہ عوام سے اپیل ہے کہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں اور ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں 125ویکسینیشن سینٹر قائم کئے ہیں جبکہ کورونا وباءکی تیسری لہر میں شدت کی وجہ سے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑ رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاط کریں.