ہالی وڈ (مانیٹرنگ نیوز) معروف ہالی وڈ اداکار ول سمتھ کو بہترین اداکار کا آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ جیسیکا چیشٹین نے شاندار پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق ول سمتھ کو فلم کنگ رچرڈ میں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ جیسیکاچیشٹین کو فلم دی آئیزآف ٹیمی فیک میں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بہترین معاون اداکارکا آسکر ایوارڈ ٹرائیکا ٹسر نے حاصل کیا۔ انہیںبہترین معاون اداکارکا ایوارڈ فلم کوڈا میں اداکاری پر دیا گیا جبکہ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ آریانا ڈیبوس نیجیتا جو فلم ویسٹ سائیڈ سٹوری میں جاندار اداکاری پر دیا گیا۔ آسکر 2022ء میں انکانٹوبہترین اینی میٹڈ فلم قرار پائی۔ بہترین ڈائریکٹر کا آسکر ایوارڈ جین کیمپیئن نے جیت لیا۔ شو کے دوران ایک ایسا لمحہ بھی آیا جس نے دیکھنے والوں کو پہلے حیران پھر پریشان کر دیا۔ بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتے والے ول سمتھ کو بیوی سے متعلق مذاق اتنا برا لگا کہ انہوں نے کامیڈین کرس راک کو سٹیج پر آکر تھپڑ جڑ دیا۔ دونوں سٹارز میں شدید تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ دریں اثناء پاکستانی نژاد برطانوی اداکار و گلوکار رز احمد نے فلمی دنیا کا سب سے معزز ایوارڈ آسکر جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ رز احمد کو 94 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب میں ان کی شارٹ لائیو ایکشن فلم ’دی لانگ گڈ بائے‘ کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس سے قبل گزشتہ برس رز احمد کو پہلی بار ’آسکر‘ کے لئے نامزد کیا گیا تھا مگر بدقسمتی سے 2021ء میں وہ ایوارڈ جیت نہیں پائے تھے۔